واشنگٹن:کورونا وائرس کی وباء نے یوں تو دنیا بھر میں تباہی مچائی ہے، مگر صرف امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کو عمر رسیدہ افراد کے لیے مفید قرار دے دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ صحت (سی ڈی سی) حکام نے کہاکہ 65برس سے کم عمر کے افراد پر بوسٹر کے خاطر خواہ اثرات نہیں۔
حکام کے مطابق کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز عمر رسیدہ افراد کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس سے اب تک 9 لاکھ سے زائد امریکی جان سے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کی وبا سے مرنے والوں کے پیاروں کا دکھ اپنے دلوں میں محسوس کرتے ہیں۔امریکی صدر نے شہریوں پر کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین اور بوسٹرز ناقابلِ یقین حد تک کورونا کی وبا کے خلاف موثر ثابت ہوئے ہیں اور اعلی ترین سطح کا تحفظ دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کورونا مزید 28 پاکستانیوں کی زندگیاں نگل گیا، 6137 شہری متاثر