وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین حادثے کی ذمہ داری مسافروں پر عائد کرتے ہوئے تیز گام آتشزدگی کو مسافروں کی غلطی قرار دے دیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹرین کی 3 بوگیاں آتشزدگی سے متاثر ہوئی ہیں جبکہ دینی اجتماع میں جانے والے لوگ ان پر سوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سرحد پر فائرنگ: پاکستان نے افغان حکام کو جرگہ بلانے کی تجویز دے دی
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آتشزدگی سلنڈروں کے باعث ہوئی جبکہ مسافروں کے 2 سلنڈر پھٹ گئے تھے جس کے نتیجے میں بوگیوں میں آگ لگ گئی۔
وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ زیادہ تر لوگ اس وجہ سے جاں بحق ہوئے کہ انہوں نے چلتی ٹرین سے چھلانگیں لگا دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ابتدائی طور پر واقعے میں محکمہ ریلوے کی غلطی نظر نہیں آتی بلکہ مسافروں کی غلطی محسوس ہوتی ہے۔ ناشتہ بنانے کے لیے سلنڈر جلانے والے مسافروں کی غلطی سے چلتی ہوئی ٹرین میں آگ لگی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین میں اجازت نہ ہونے کے باوجود مسافر سلنڈر لے کر کیسے آئے، اس کی تفتیش ضروری ہے۔ لوگ اپنے تھیلوں میں چولہا رکھتے ہوئے قانون سے نہیں ڈرتے، آئندہ کوئی مسافر سلنڈر کے ساتھ چڑھا تو نوٹس لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزراء نے ٹرین حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے ضلع رحیم یار خان میں تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں کو آگ لگنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: ٹرین حادثہ: وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کا غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت