کراچی: فپواسا سندھ چیپٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اعلان کردہ انتخابات قانونی ہیں اور یہ جمہوری عمل بغیر کسی تاخیر کے مقررہ وقت پر ہی مکمل ہونا چاہیے۔
داؤد یونیورسٹی کی انتظامیہ کی طرف سے اگر کوئی مسئلہ کھڑا کیا گیا تو فپواسا سندھ چیپٹر داؤد یونیورسٹی ٹیچرز ایسوی ایشن کے ساتھ کھڑی ہو گی اور داؤد یونیورسٹی کی انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
فپواسا سندھ چیپٹر نے ان رپورٹس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ مبینہ طور پر ٹیچرز ایسوی ایشن کے ایگزیکٹو کونسل کے اعلان کردہ انتخابات میں مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ کسی بھی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے انتخابات کے جمہوری عمل میں مداخلت کرنا انتظامیہ اور پرنسپل افسران کا کام نہیں۔
فپواسا سندھ چیپٹر کے مطابق داؤد یونیورسٹی ٹیچرز ایسوی ایشن کے اعلان کردہ انتخابات شیڈول کے مطابق ہونے چاہئیں۔ فپواسا سندھ چیپٹرنے انتظامیہ کوخبردار کیا ہے کہ وہ انتخابات کے جمہوری عمل میں کسی بھی قسم کا خلل پیدا کرنے سے باز رہے۔
مزید پڑھیں: اینٹی کرپشن کو داؤد یونیورسٹی میں مذید خلاف ضابطہ بھرتیوں کا سراغ مل گیا