القادر یونیورسٹی کے طلبہ عالمی اسکالرز سے تعلیم حاصل کرینگے۔وزیراعظم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

القادر یونیورسٹی کے طلبہ عالمی اسکالرز سے تعلیم حاصل کرینگے۔وزیراعظم
القادر یونیورسٹی کے طلبہ عالمی اسکالرز سے تعلیم حاصل کرینگے۔وزیراعظم

سوہاوہ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ القادر یونیورسٹی کے طلبہ بین الاقوامی اسکالرز سے تعلیم حاصل کریں گے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو جو سب سے بڑا تحفہ دیا ہے وہ ایمان ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے سوہاوہ میں القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایمان کی پابندی بہت سی پابندیوں سے آزاد کردیتی ہے۔ غیرتِ ایمانی زنجیریں توڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک ہم سیرت النبی ﷺ پر عمل نہیں کرتے، وہ مقام حاصل نہیں کیاجاسکتا جس کاعلامہ اقبال نے خواب دیکھا تھا۔ ہمارا تعلیمی نظام ہی ہماری راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ تعلیم کے 3 نظاموں نے قوم تقسیم کردی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت تعلیم میں یکساں نصاب کو اولین ترجیح دے رہی ہے کیونکہ جسمانی غلامی سے ذہنی غلامی زیادہ بری ہوتی ہے۔ بدعنوان قیادت سے بڑا کوئی عذاب نہیں۔ اپنے رشتہ داروں کو اہم عہدوں پر لانے والے لیڈر نہیں ہوتے۔

خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں میرٹ کا نظام ہونا چاہئے۔ سیاست میں مجھ سے پہلے آنے والوں کو کوئی نہیں جانتا تھا، مجھے سیاست میں آنے سے پہلے شہرت ملی۔ میرا سیاست میں آنے کا مقصد تبدیلی لانا تھا۔ اگر عظیم قوم بننا ہے تو عظیم کردار لانا ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی لیڈر سچ اور انصاف کے بغیر بڑا رہنما نہیں بن سکتا۔ مغربی کلچر عام ہونا ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اسلام کے خلاف بات کرنے پر پاکستان خاموش نہیں رہ سکتا۔ طلبہ کی کردار سازی میں یونیورسٹی کا کردار اہم ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب تک ملک کی ترقی کیلئے ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر عمل نہیں کیا جائے گا، ہم وہ مقام حاصل نہیں کرسکتے جس کا خواب شاعرِ مشرق نے دیکھا تھا۔ رسولِ اکرم ﷺ کے نقشِ قدم پر چلنا ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ باشعور اور باصلاحیت نوجوانوں کو اخلاقی قوت کے ساتھ تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ القادر یونیورسٹی طلبہ کو عالمی سطح کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی اسلامی اسکالرز کی خدمات حاصل کرے گی۔

Related Posts