لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی زدہ عوام کو حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، قانون سازی کے عمل کیلئے فیصلہ اپوزیشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کرے گی، سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے ملا خط سٹیرنگ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی سطح پر فیصلے متحدہ اپوزیشن کرے گی، فیصلے ملک قوم اور جمہوریت کے بہترین مفاد میں کریں گے، حکومت نے ملک کو تباہی کے کنارے لا کھڑا کیا ہے، ملک مسائل کی آگ میں جل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی فکر نہیں، عوام کے چولہے بجھ رہے ہیں اور دل جل رہے ہیں، مہنگائی زدہ عوام کو حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہباز شریف نے لکھا کہ ملک میں لوگوں کی امیدیں کھونے سے زیادہ خطرناک کوئی چیز نہیں ہو سکتی اور افسوس کی بات ہے پاکستان تحریک انصاف کی اس نااہل اور کرپٹ ترین حکومت کی وجہ سے لوگ مایوسی کی خطرناک حد کو چھو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن کے جلسے موسمی بیماری ہے، جوسردیوں میں نکلتی ہے، مراد سعید