راولپنڈی: بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے 3جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آرکے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ تربت میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے شہید ہونے والوں میں سپاہی رمضان اور لانس نائیک لیاقت اقبال شامل ہیں، سپاہی رمضان کا تعلق سرگودھا اور لانس نائیک لیاقت اقبال کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے سپاہی انعام اللہ شہید ہو گئے۔ سپاہی انعام اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے۔
مزید پڑھیں: پاک فوج کے اعلیٰ افسران کی شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقاتیں