سوشل میڈیا پر ’10 سالہ چیلنج‘ کا رجحان عام ہو چکا ہے، ہر کوئی اپنی پرانی اور حالیہ تصاویر شیئر کر رہا ہے تاکہ اپنی تبدیلی کو نمایاں کر سکے۔
سوال یہ ہے کہ حقیقت میں کتنے لوگ عمر کے ساتھ بہتر نظر آ رہے ہیں؟ اگر آپ بھی اپنی جلد کو جوان اور تروتازہ رکھنا چاہتے ہیں تو فکر نہ کریں! چند آسان مگر مؤثر اسکن کیئر عادات اپنا کر آپ اپنی عمر سے 10 سال کم نظر آ سکتے ہیں۔
یہاں آپ کے لیے 8 بہترین اسکن کیئر ٹپس اور اینٹی ایجنگ راز ہیں جو آپ کی جلد کو دیرپا جوان اور چمکدار بنائیں گے۔
1۔ سی ٹی ایم (کلینزنگ، ٹوننگ، موائسچرائزنگ)
جلد کی صفائی بے حد ضروری ہے تاکہ گرد و غبار اور میک اپ کے اثرات مکمل طور پر دور ہو سکیں۔ ہر رات سونے سے پہلے چہرہ دھونا نہ بھولیں۔ ٹونر کے استعمال سے جلد کے کھلے مسام سکڑ جاتے ہیں جبکہ موائسچرائزر آپ کی جلد کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے اور جھریاں پڑنے سے روکتا ہے۔
2۔ پانی زیادہ پئیں
جلد کو صرف موائسچرائز کرنا کافی نہیں اسے اندر سے بھی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ روزانہ 8 سے 10 گلاس پانی پینے کی عادت بنائیں تاکہ جلد صاف، تازہ اور زہریلے مادوں سے پاک رہے۔
3۔ جلد کی حفاظت کریں
ہموار اور بے داغ جلد کے لیے ہفتے میں دو سے تین بار قدرتی فیس اسکرَب کا استعمال کریں۔ یہ بلیک ہیڈز، وائٹ ہیڈز اور بند مساموں کو صاف کرنے میں مدد دیتا ہے۔
4۔ سورج کی شعاعوں سے بچاؤ
سورج کی روشنی جلد کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، خاص طور پر جھریاں اور داغ دھبے جلدی ظاہر ہو سکتے ہیں۔ ہمیشہ ایس پی ایف 50 والا سن اسکرین استعمال کریں تاکہ جلد کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
5۔ نمک اور چینی کم کریں
زیادہ چینی اور نمک کا استعمال جلد کو بے رونق اور وقت سے پہلے بوڑھا بنا سکتا ہے۔ چینی کا کم سے کم استعمال کریں اور مصنوعی میٹھے سے گریز کریں تاکہ جلد صحت مند اور تروتازہ رہے۔
6۔ دن کا آغاز نیم گرم لیموں پانی سے کریں
چائے یا کافی کی جگہ دن کا آغاز نیم گرم لیموں پانی سے کریں۔ یہ نہ صرف جسم سے زہریلے مادے نکالنے میں مدد دیتا ہے بلکہ کیل مہاسوں اور جلد کے مسائل کو بھی کم کرتا ہے۔ اگر ممکن ہو تو چائے یا کافی کے بجائے گرین ٹی پینے کی عادت اپنائیں۔
7۔ رات کو جلدی سونے کی عادت ڈالیں
نیند کی کمی آپ کی جلد پر جھریاں، آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے اور تھکن کے آثار چھوڑ سکتی ہے۔ اگر آپ دیر تک فون استعمال کرنے کے عادی ہیں تو اپنی نیند کے معمولات میں بتدریج بہتری لائیں اور روزانہ 15 منٹ پہلے سونے کی کوشش کریں۔
8۔ ایکٹو رہیں
روزانہ جم جانا ہر کسی کے لیے ممکن نہیں لیکن روزمرہ کے معمولات میں چھوٹی تبدیلیاں لا کر آپ اپنی صحت بہتر بنا سکتے ہیں۔
لفٹ کے بجائے سیڑھیاں استعمال کریں، قریبی فاصلے پر جانے کے لیے گاڑی کے بجائے پیدل چلیں۔ یہ چھوٹے اقدامات آپ کی صحت اور جلد دونوں کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔
یہ آسان اور آزمودہ اسکن کیئر ٹپس اپنا کر آپ خود کو 10 سال جوان محسوس کریں گے۔ اگلی بار جب آپ ’10 سالہ چیلنج‘ میں حصہ لیں گے تو لوگ حیران رہ جائیں گے کہ کون سی تصویر پرانی ہے!۔