اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور چینی صدر شی جن پنگ نے پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پردوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور سی پیک کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان باہمی سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو مبارکبادی اور اپنی حکومتوں اور عوام کی جانب سے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر علوی نے چینی صدر شی جن پنگ کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ اس تاریخی موقع پر ہم نئے عہد میں پاک چین دوستی کو نئی اونچائیوں تک پہنچانے اور چینی و پاکستان قوم کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے چینی صدر کی اچھی صحت اور چین کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے خط میں کہا کہ چین اور پاکستان تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں جو بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی اعتماد اور دوستی 70 برسوں کی بین الاقوامی تبدیلیوں کی آزمائش سے گذرکرمزید مضبوط ہوگئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں اطراف کی مشترکہ کاوشوں سے سی پیک کی تعمیر نے قابل ذکر نتائج حاصل کیے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچا ہے اور علاقائی خوشحالی میں مضبوط تقویت ملی ہے۔
پاکستان اور چین دوستی کا آغاز
پاکستان 1947ء میں قائداعظم کی قیادت میں آزاد ہوا جبکہ چین 1949ء میں ماؤزے تنگ کی عظیم قیادت اور اُن کے لانگ مارچ کے ثمرات کے نتیجہ میں آزاد ہوا۔ 1949ء میں چین کی آزادی کے ساتھ ہی پاکستان اور چین کے تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہونا شروع ہو گئے تھے۔ پاکستان نے چین کی آزادی کو تسلیم کیا۔ یہ پاکستان اور چین کی دوستی کا نقطہ آغاز تھا یا اسے اِس طرح بھی کہا جا سکتا ہے کہ یہ پاکستان اور چین کی دوستی کی ابتدا تھی۔
توانائی اور دیگر منصوبہ جات میں چین کی مدد
پاکستان اور چین دو ایسے ملک ہیں جو دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ یہ دوستی برسوں پر محیط ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔ چین توانائی اور دیگر بہت سے منصوبہ جات میں جن میں سینڈک کا منصوبہ، گوادر پورٹ کا منصوبہ پاکستان کو ریلوے انجن کی فراہمی اور دیگر بے شمار ایسے منصوبہ جات ہیں جن میں پاکستان کو چین کی بھرپور مدد حاصل ہے جس سے پاکستان اور چین دوستی کے ایک ایسے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔