شہرِ قائد میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان کی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہنگامہ آرائی پر 6 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف 9 مئی سے ہی تحریکِ انصاف سندھ اور کراچی کی قیادت کا احتجاج جاری ہے۔ پی ٹی آئی نے شہر کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے۔
تحریکِ انصاف کا عمران خان کی گرفتاری کے خلاف روزانہ احتجاج کا فیصلہ
مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ ہوا، سندھ پولیس نے بھی مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔ بعد ازاں خواتین سمیت 270 کارکنان کو حراست میں لیا گیا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات میں شر پسندی، سرکاری املاک پر حملوں اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ مقدمات میں خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی اور حلیم عادل شیخ سمیت دیگر رہنما نامزد کیے گئے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تحریکِ انصاف کے خلاف درج مقدمات میں 1000 سے زائد نامعلوم افراد کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ کابینہ نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔