لاہور: دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے 35 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے جو نیوزی لینڈ کے خلاف کرکٹ سیریز کا حصہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے اوپنرز میں عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود اور ذیشان ملک شامل ہیں۔
کپتان بابر اعظم کے ساتھ ساتھ اظہر علی، دانش عزیز، فواد عالم، حیدر علی، حارث سہیل اور حسین طلعت بھی نیوزی لینڈ کے خلاف کرکٹ سیریز کی ٹیم میں شامل ہیں۔
دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں 5 اوپنرز، 9 مڈل آرڈر بیٹسمین، 3 وکٹ کیپرز، 5 اسپنرز اور 10 فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔
اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
بابراعظم (کپتان)،محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل)، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم،عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈکوچز، جونیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اورہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک، آلراؤنڈردانش عزیز، بیٹسمین عمران بٹ، اور آلراؤنڈر عماد بٹ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عثمان قادراور عبداللہ شفیق کے علاوہ زمبابوے کے خلاف قومی اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے بھی قومی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
مصباح الحق، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم:
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث ہمیں نیوزی لینڈ میں 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہے، دورہ نیوزی لینڈ کےلیے ہم نے دو مختلف ٹیموں پر مشتمل ایک مکمل اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، امید ہے کہ قومی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ عماد بٹ، دانش عزیز، عمران بٹ اور روحیل نذیر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے اسکواڈ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان کھلاڑیوں کی قابلیت اور تکنیکی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ ہیں اور انہیں اسی لیے دیگر چند کھلاڑیوں کی طرح خصوصی طور پر پاکستان شاہینز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ اسد شفیق کو غیرتسلی بخش بیٹنگ فارم کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے، وہ اپنی آخری 15 اننگز میں 510 رنز ہی بناسکے ہیں، جس میں سے دورہ انگلینڈ پر صرف 67 رنز بنائے گئے۔ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسد شفیق ایک تجربہ کار بلے باز ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکےسرفراز احمد کی طرح اپنی کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شعیب ملک اور محمد عامر کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے،یہ فیصلہ ہم نے آئندہ چند سالوں میں پانچ بڑے ایونٹس پر مبنی شیڈول کو سامنے رکھ کر کیا ہےجبکہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کی وجہ ان کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ ملک بھر میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 میں تین اسپنرز، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ،بدقسمتی سے ہمیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 12 اکتوبر تک 45 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست بھجوانا تھی تاہم ان تینوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ہمارے اسپن ڈیپارٹمنٹ کے پول کو مزید وسعت ملی ہے، جس کا فائدہ ہمیں آئندہ سیریز میں ضرور ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم اظہر علی کی جگہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر