لاہور: پنجاب ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث تشویشناک صورتحال سے دوچار ہے، آج جمعہ کے روز 131نئے کیسز کا اندراج ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق اس سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے کل 4,184 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔بدقسمتی سے سب سے آگے لاہور ہے، جہاں 1,696 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے بعد راولپنڈی میں 1,070، ملتان 515، فیصل آباد 199، اور گوجرانوالہ 169 کیسز کے ساتھ ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں ڈینگی کے مزید 55، راولپنڈی میں 33، ملتان میں 12، فیصل آباد میں 9، گوجرانوالہ میں 6 اور شیخوپورہ میں 3 نئے ڈینگی کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی۔
سیالکوٹ اور خانیوال میں دو دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مظفر گڑھ، گجرات، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، پاکپتن اور جہلم میں ایک ایک ڈینگی کیس کی تصدیق کی گئی۔
اس وقت پنجاب بھر کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 139 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 71 ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
مزید پڑھیں:کون سی غذائیں ڈپریشن کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں؟
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے شہریوں سے ڈینگی بخار سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر اپنے اردگرد کو صاف ستھرا اور خشک رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون پر زور دیا جو اس وباء سے نمٹنے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں۔