اسلام آباد :وفاقی حکومت نے دفاعی شعبے کیلئے 12 کھرب 89 ارب روپے مختص کئے ہیں۔تنخواہوں اور پنشن میں امسال کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دور ان وفاقی وزیر حماد اظہر نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دفاع کے شعبے کیلئے 12 کھرب 89 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت ان مشکل حالات میں کفایت شعاری کے اصولوں پر کاربند ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف کم کرکے 3900 ارب روپے مقرر کردیا ہے، لاہور، وفاق اور کراچی کے اسپتالوں کیلئے 13 ارب مختص کیے گئے، زراعت ریلیف میں 10 ارب مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کا ترسیلی نظام بہتر بنانے کیلئے 80 ارب مختص کیے گئے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی کیلئے 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق اگلے سال صوبوں کومجموعی طورپر2ہزار874 ارب روپے منتقل کیے جانیکاتخمینہ ہے، قابل تقسیم محصولات میں سے پنجاب کو ایک ہزار 439 ارب روپے دیے جانے کا تخمینہ ہے۔
قابل تقسیم محصولات میں سے سندھ کو 742 ارب روپے دیے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کو 478 ارب روپے، بلوچستان کو 265 ارب روپے دیے جانے کا تخمینہ ہے۔
مزید پڑھیں:وفاقی بجٹ کیلئے تحریکِ انصاف کی حکومت کو دی گئی تجاویز سامنے آ گئیں