کراچی: بلدیہ شرقی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے قریبی رشتہ دار نے ٹینڈرز کی بندر بانٹ کردی، جونیئر ہونے کے باوجود سینئر ترین عہدے پر قابض اظہر شاہ نے بلدیہ شرقی میں اقرباء پروری کی نئی مثالیں قائم کردیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے بر خلاف اظہر شاہ کے پاس 2 مختلف ضلعی بلدیات کے عہدے موجود ہیںاوربلدیہ جنوبی میں بطور ایکسیئن کام کر رہے ہیں جبکہ چند ماہ قبل انہیں بلدیہ شرقی میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے عہدے سے نوازا گیا ہے۔
اس حوالے سے ٹھیکیداروں نے الزام لگایا ہے کہ اظہر شاہ نے گزشتہ ماہ جون میں 10 کروڑسے زائد رقم من پسند ٹھیکیداروں کونوازنے اور ان سے مبینہ کمیشن وصول کرنے کے لیے بغیر مقابلے کے دے دی ۔
بلدیہ شرقی میں ایک اور نیا افسر ایکسیئن گلشن اقبال زون سلمان حال ہی میں حیدر آباد سے کراچی کے بلدیہ شرقی میں تعینات ہوا ہے، جو اپنے آپ کو سابق وزیر بلدیات اور نیب میں اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمات کا سامنا کر نے والے سابق وزیر شرجیل انعام میمن کا سالہ کہتا ہے۔
یہ دونوں افسران چیئرمین بلدیہ شرقی سمیت دیگر افسران کو اپنے دباؤ میں رکھتے ہیں، ٹینڈر ز پر سیپرا نے بھی خاموشی اختیار کر لی ہے جبکہ یہ ٹینڈر ز کے منتظر ٹھیکیداروں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے کیوں کہ جن من پسند ٹھیکیداروں کو قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کے تحت ٹھیکہ دیا گیا ہے، انہیں کوئی خاص تجربہ ہے نہ ہی اب تک کوئی بڑا کام کیا ہے۔
مزید پڑھیں:گاڑیاں خراب، فنڈز غائب، کراچی میں 24 میں سے 10 فائر اسٹیشن بند