کوئٹہ: پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران کروڑوں کی منشیات اور ہزاروں لٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے گزشتہ 2 ہفتوں میں کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔ پہلی کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ (وندر)پرکوئٹہ ٹو کراچی کوچ میں سوار مسافر سے 7.15 کلوگرام اعلی کوالٹی کی چرس اور4.05 کلو گرام افیون برآ مد کرلی گئی۔
دوسری کارروائی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر وندر شہر کے قریب مشکوک جگہ کی تلاشی کے دوران زمین میں دفن ہتھیار جن میں 01عدد کلاشنکوف، 01 عدد رپیٹر،01عدد 9 ایم ایم پستول،02 عدد22بور پستول،30 بور کے 7 پستول اور163عدد راؤنڈز برآمدکرلیے گئے۔متعلقہ ہتھیار کسی دہشت گرد کارروائی میں استعمال ہونے تھے۔
تیسری کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران6,157 کلو گرام غیر ملکی کپڑا،1,549 اسٹیک غیر ملکی سگریٹ، 1,856پیکٹ انڈین گٹکا، 184عدد کمبل، 170بیگزچائنا سالٹ اورمتفرق اشیاء برآمد کر لی گئیں۔
چوتھی کارروائی میں موبائل گشت کے دورا ن وندر شہر کے قریب ڈام کے علاقہ سے غیر قانو نی طریقے سے چھپایا گیا54 ہزار7 سو لیٹر ایرانی ڈیزل برآمدکر لیا گیا۔
پانچویں کارروائی میں پسنی (بلوچستان) کے قریب غیر قانونی طریقے سے چھپایا گیا17 ہزارلیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ تمام منشیات، ہتھیار، ایرانی ڈیزل، متفرق اشیاء اور 1 اسمگلر کو کوسٹ گارڈز نے تحویل میں لینے کے بعد مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پکڑی گئی اشیاء کی مالیت کروڑوں کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔