اسپینش ماڈل اور سابق ایئر ہوسٹس فاٹی وازکوز، جو سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کے لیے معروف ہیں، نے حال ہی میں 17 سالہ بارسلونا فٹبالر لامین یامل کے ساتھ اپنی چھٹیوں کی تصاویر شیئر کیں۔
ان تصاویر میں دونوں کے یکساں مقامات پر موجود ہونے کی جھلکیاں تھیں، جس سے مداحوں نے ان کے درمیان ممکنہ رومانوی تعلقات کی قیاس آرائیاں شروع کر دیں، ان قیاس آرائیوں کے بعد فاٹی وازکوز کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور انہیں قتل کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔
انہوں نے ان دھمکیوں کا سامنا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کو مثبت انداز میں گزارنے کی خواہش کا اظہار کیا اور ان لوگوں کے لیے شفقت اور سکون کی دعا کی جو انہیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب، لامین یامل نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کی ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فاٹی وازکوز کے ساتھ ان کا کوئی رومانوی تعلق نہیں ہے اور وہ صرف ایک گروپ کے ساتھ چھٹیاں گزارنے گئے تھے۔
واضح رہے کہ یورپ کے بعض قوانین کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کے ساتھ تعلقات اخلاقی اور قانونی لحاظ سے حساس سمجھے جاتے ہیں، چاہے تعلق رضامندی پر ہی مبنی کیوں نہ ہو۔