پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نجی ائیرلائن ائیر کراچی کو باقاعدہ ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (آر پی ٹی) لائسنس جاری کر دیا ہے جس کے بعد ائیرلائن اب کمرشل پروازوں کے لیے اہل ہو گئی ہے۔
قومی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، یہ لائسنس حاصل کرنے کے بعد ائیر کراچی باقاعدہ طور پر کمرشل ایوی ایشن سیکٹر میں شامل ہو گئی ہے۔
سی اے اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لائسنس کے اجرا کے بعد ائیرلائن جلد فلائٹ آپریشن کا آغاز کر سکتی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں مقامی روٹس پر پروازیں متوقع ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی کی تاجر برادری نے کچھ ماہ قبل ایئر کراچی کے نام سے نئی ایئر لائن جلد متعارف کروانے کا اعلان کیا تھا ۔
معروف کاروباری شخصیت حنیف گوہر کا کہنا ہے کہ نئی ایئرلائن کے نام ایئر کراچی کو سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ کرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر کراچی میں عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر، بشیر جان محمد، خالد تواب، زبیر طفیل اور حمزہ تابانی شراکت دار ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر کراچی میں ہر شیئر ہولڈر کا حصہ 5 کروڑ روپے ہے۔