وفاقی حکومت نے بھارت کو بدترین شکست سےدوچار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر کل 16 مئی بروز جمعہ قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا۔
یوم تشکر پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا جبکہ وفاقی درالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارلحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
یوم تشکر پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی جبکہ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہو گی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں ہوں گی۔
یوم تشکر کی مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں تمام مکاتب فِکرسے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں 7 مئی کو رات کی تاریکی میں بھارت کے پاکستان پر بزدلانہ حملوں کا پاک فوج نے دن کی روشنی میں آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ منہ توڑ جواب دے کر جنگی جارحیت پر آمادہ بھارت کو چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی کی پیشکش کرنے پر مجبور کر دیا۔