راولپنڈی کا نوجوان طالبِ علم کمرشل جہازوں سے لے کرپاک فضائیہ کے فائٹر جیٹ کے ماڈلز بنانے میں ماہر ہے جس نے تعلیم مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے شوق کی طرف بھی بھرپور توجہ دی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے نور کالونی کا رہائشی شرجیل حسن منہاس ایک ہنر مند طالبِ علم ہے جس نے کمشرل جہازوں سے لے کر فائٹر جیٹس کے ماڈلز تک بنائے ہیں جس کے متعلق ایم ایم نیوز نے شرجیل سے خصوصی گفتگو کی۔
دورانِ گفتگو شرجیل نے بتایا کہ ہم 2 بہنیں اور 3 بھائی ہیں۔ میرے والد ائیر فورس میں ملازم تھے جو ریٹائر ہوچکے ہیں۔ والد مجھے آفس ساتھ لے کر جاتے تھے جہاں پاک فضائیہ کے جہاز اور گاڑیاں شوق سے دیکھنے پر میرے دل میں جہازوں اور گاڑیوں کے ماڈلز بنانے کا خیال پیدا ہوا۔
نوجوان طالبِ علم شرجیل نے کہا کہ میں نے آئی کام کیا ہےجس کے بعد ایک کال سینٹر بنا کر اس سے آمدنی کا سلسلہ شروع کیا جس سے جہازوں کا را میٹرئیل خریدا گیا۔ سب سے پہلا جہاز سی ون 30 تھا جس کا میں نے ماڈل بنایا۔ زیادہ تر اس میں لکڑی استعمال کی گئی تھی۔
طالبِ علم شرجیل حسن منہاس نے کہا کہ میں نے کمرشل جہازوں سے لے کر فائٹر جیٹس تک کے ماڈلز بنائے جن میں ایف 16، معراج، اے 5، ایف 27 اور کوبرا ہیلی کاپٹر 810 کے ماڈلز شامل ہیں۔ پہلے میں ان جہازوں کے خاکے بناتا تھا، پھر ان کے ماڈلز بنانا شروع کردئیے۔
شرجیل حسن منہاس نے کہا کہ مجھے پلاسٹک اسکیل ماڈل بنانے کیلئے کٹس امریکا اور کینیڈا سے منگوانی پڑتی ہیں۔ گھر والوں سے ماڈلز کیلئے رقم نہیں لیتا بلکہ اس کیلئے کال سینٹر کی آمدنی کام آتی ہے۔ اگر موقع دیا جائے تو ماڈلز میں انجن لگا کر اصلی جہازوں کی طرح اڑا سکتا ہوں۔
مستقبل میں میوزیم بنانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے شرجیل نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پاک فوج اور عوام کی خدمت کروں۔ میوزیم بناؤں جس میں جہازوں کے ہر طرح کے ماڈلز سمیت دیگر جنگی سامان اور فوج کی تمام اشیاء رکھی جائیں۔ ایک گلوکار کے طور پر میرا ایک گانا بھی ریکارڈ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایف ایم ریڈیو 92.4 میں آر جے کی حیثیت سے کام کرتا ہوں۔ ماس کمیونیکیشن کی تعلیم حاصل کر رہا ہوں۔ شادی ہوچکی ہے۔ اگر حکومت سرپرستی کرے تو ملک و قوم کا نام روشن کرسکتا ہوں۔ نوجوانوں کو پیغام دیتا ہوں کہ اپنا وقت تعمیری کاموں میں صرف کریں۔
یہ بھی پڑھیں: صباح گل نے فلاحی تنظیم بناکر خواجہ سراؤں کیلئے روشن مثال قائم کردی