مشہورومعروف سیاستدان شرمیلا فاروق کو اداکارہ اقراء عزیز پر کی گئی تنقید مہنگی پڑ گئی ہے، یاسر حسین نے شرمیلا فاروقی کو سخت جواب دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق یاسر حسین نے پیپلز پارٹی رہنما اور سوشل ورکر شرمیلا فاروقی کو اقراء عزیز کو اخلاقیات کا سبق پڑھانے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقراء مجھ سے محبت کرتی ہے، اس لیے اس نے میری تعریف کی اور جو میں کہہ رہا ہوں، اس کی وجہ بھی میری اقراء سے محبت ہے۔
شرمیلا فاروقی اور مسٹر اینڈ مسز یاسر حسین کے مابین سوشل میڈیا پر لفظی جنگ کا آغاز اس وقت ہوا جب فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اقراء عزیز نے یاسر حسین کی بیٹے کا ڈائپر تبدیل کرتے وقت کی تصویر شیئر کرکے ان کی تعریف کی۔
تصویر پر ردِ عمل دیتے ہوئے شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ اگر ایک باپ اپنے بیٹے کے ڈائپر تبدیل کرتا ہے تو اسے معمول کی بات سمجھا جانا چاہئے۔ ڈائپر تبدیل کرنے میں فخر کا اظہار نہیں کیا جانا چاہئے، جس پر یاسر حسین کا جواب سامنے آگیا۔
اداکار یاسر حسین کا کہنا ہے کہ جب ہم کوئی درست بات بھی لکھتے ہیں تو پتہ نہیں ہم پر تنقید کیوں کی جاتی ہے؟ اگر کوئی اداکار ذاتی بات شیئر کرے اور وہ آپ کو اچھی لگے تو اچھے کمنٹس سے نوازیں، بصورتِ دیگر خاموش رہنا چاہئے۔
یاسر حسین نے کہا کہ میں جو کہہ رہا ہوں وہ بھی میری اقراء عزیز سے محبت کی وجہ سے ہے۔ نارمل دماغ والے میاں بیوی معمول کے کاموں پر بھی ایک دوسرے کی تعریف اور شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ محبت کا اظہار ہوتا ہے اور اقراء نے بھی یہی کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی سے جینے دیں، شرمیلا فاروقی کی فنکاراؤں کے لباس کی حمایت