کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین جو اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ چکے ہیں، شنید ہے کہ انہیں نجی ٹی وی ایکسپریس نے نامناسب رویے کے باعث برطرف کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی وی اینکر کی حیثیت سے عامر لیاقت حسین بحسن و خوبی پیارا رمضان نامی ٹی وی پروگرام کر رہے تھے جو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران نشر کیا گیا، تاہم گلیکسی لالی ووڈ نامی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو عہدے سے فارغ کردیا گیا۔
نیوز ویب سائٹ کے دعوے کے مطابق عامر لیاقت حسین نے ایکسپریس ٹی وی کا آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ بھی اَن فالو کردیا ہے تاہم برطرفی کی وجوہات سے پردہ نہیں ہٹایا گیا جبکہ پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت پہلے ہی عوام کی تنقید کی زد پر ہیں۔
قبل ازیں عامر لیاقت حسین کی ناگن ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی اور ٹی وی شو کے دوران خاتون ایتھلیٹ کے ساتھ ریس لگاتے ہوئے رکنِ قومی اسمبلی توازن برقرار نہ رکھ سکے اور بری طرح گر گئے، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے میمز بنا کر ان کا خوب مذاق اڑایا۔
دوسری جانب عامر لیاقت حسین کی ممکنہ تیسری بیوی ہانیہ خان نے بھی عوام کی توجہ حاصل کر لی ہے تاہم رکنِ قومی اسمبلی نے کھل کر ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے رشتےسے انکار کردیا ہے۔ عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ میں نے تیسری شادی نہیں کی۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ممکنہ طور پر عامر لیاقت حسین کو ایسی ہی وجوہات کی بناء پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہو۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور نجی ٹی وی کے اینکر عامر لیاقت حسین ہانیہ خان کے معاملے میں نئی مشکل میں پھنس گئے، خاتون نے دفتر کے باہر آ کر ہنگامہ کھڑا کردیا۔
عامر لیاقت حسین کی تیسری بیوی ہونے کی دعویدار ہانیہ خان سوشل میڈیا پیغام سے آگے بڑھ کر گزشتہ ماہ مئی کے آغاز میں رکنِ قومی اسمبلی کے دفتر کے باہر پہنچیں جہاں گارڈز نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ہانیہ خان نے دفتر کے باہر ہنگامہ کیا اور عامر باہر نکلو کی آوازیں لگاتی رہیں۔
مزید پڑھیں: ہانیہ نے عامر لیاقت کے دفتر پر ہنگامہ کھڑا کردیا، ویڈیو وائرل