کابل: ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ہمسایہ ہونے کے ناطے مختلف معاملات پر پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں تاہم جن ایشوز پر پاکستان کو تشویش ہے انہیں حل کریں گے۔ جرگوں اور مذاکرات میں ناکامی کے بعد پنجشیر میں طاقت کا استعمال کیا گیا۔ حکومت سازی کے لیے اقدامات مکمل ہیں صرف تکنیکی معاملات زیرغور ہیں۔
کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہم نے وادی پنجشیر پر مکمل طور پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ افغانستان میں کئی جگہوں سے اسلحہ لے کر پنجشیر میں رکھا گیا تھا۔ تاہم اب وہاں مکمل امن ہے اور عام معافی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جنگ کے دوران جو اسلحہ برآمد ہوا اس کو محفوظ کرلیا گیا ہے۔
طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش تھی کہ پنجشیر میں لڑائی سے گریز کیا جائے لیکن مزاحمت مجبوری بن گئی تھی۔ پنجشیر کے ساتھ بلا امتیاز سلوک ہوگا لوگ کسی تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔ جنگ کے دوران بھی ہماری کوشش تھی کہ افغانوں کو کم سے کم نقصان ہو۔
ترجمان طالبان نے کہا کہ ہم نئی حکومت کی طرف جائیں گے اور ہمارا مقصد پرامن افغانستان ہوگا، حکومت میں توانا اور اچھے لوگوں کو لائیں گے، افغانستان میں حکومت سازی کے لیے اقدامات مکمل ہیں صرف تکنیکی معاملات زیرغور ہیں۔
امن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے افغانستان میں امن اور استحکام ہے، ہم نے خصوصی فورسز تشکیل دی ہیں جو ہر جگہ سرچ آپریشن کریں گی، ترکی اور مشرق وسطیٰ کی مدد سے کابل ائیرپورٹ کی بحالی کی کوشش کی جارہی ہے، امید ہے کہ کابل ائیرپورٹ بہت جلد پروازوں کے لیے بحال ہوجائے گا جب کہ کابل میں حالات ٹھیک اور ہمارے کنٹرول میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت کو گرا کر عمران خان کو آسانی سے گرا سکتے ہیں، بلاول بھٹو