اسلام آباد: ٹیکسٹائل صنعتکاروں کی تنظیم اپٹما اور حکومت کے مابین گیس کی بندش ختم کرنے کیلئے معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد صنعت کو کل سے گیس کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور حکومت کے مابین گیس فراہمی پر معاہدہ طے ہوگیا۔ اپٹما انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 7کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ گیس روزانہ فراہمی کی ہامی بھر لی ہے۔
گیس بحران،سی این جی ایسوسی ایشن کےعہدیدارسڑکوں پرآگئے
کراچی میں گیس کا بحران، شہری مہنگے سلنڈر بھروانے پر مجبور
ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سیکریٹری جنرل اپٹما شاہد ستار کا کہنا ہے کہ ہم نے عدالت سے حکمِ امتناع واپس لے لیا۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو لاکھوں مکعب فٹ گیس روزانہ دی جائے گی جس سے ٹیکسٹائل کی صنعت کو گیس بندش سے لاحق خطرات کم ہوئے ہیں۔
شاہد ستار کا حکومت سے گیس فراہمی پر معاہدے کے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گیس کی فراہمی میں مرحلہ وار اضافہ ہوگا۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری یومیہ 15 کروڑ مکعب فٹ گیس استعمال کرتی ہے۔ ابتدائی طور پر 50فیصد گیس مہیا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں گیس ناپید ہوگئی۔ صنعتوں کو گیس کی بندش کے باعث کاروبار ٹھپ ہونے لگا۔شہر قائد میں گیس کا بحران بڑھنے کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، شہریوں کی بڑی تعداد سلنڈر بھروانے کے لئے پہنچ گئی۔
کراچی میں رواں ماہ گیس کی قلت سے پریشان شہریوں نے ایل پی جی کے سلنڈر سے چولہا جلانا شروع کردیا،کراچی میں گیس کی قلت سے پریشان گھریلو صارفین نے سلنڈر کا استعمال شروع کردیا، تاہم سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔