چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ پبلک کر دی گئی، حیران کن انکشافات

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ پبلک کر دی گئی، حیران کن انکشافات
چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ پبلک کر دی گئی، حیران کن انکشافات

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کر دیا گیا ہے۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اس رپورٹ میں حیران کن انکشافات ہیں۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا شہزاد اکبر اور شہباز گل کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ فورنزک رپورٹ کی ساری تفصیلات سے پتا چلے گا کہ ملک میں کیا ہوتا رہا، تاہم یہ ابھی شروعات ہے، ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہے، انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق کسان کو تسلسل کے ساتھ نقصان پہنچایا گیا۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ ہمارا منشور تبدیلی لانا اور مافیا کو بے نقاب کرنا ہے۔ کمیشن پہلے بھی بنتے رہے لیکن حکومت ایسے ایشو کو منظر عام پر لا رہی ہے جو پہلے نہیں ہوا۔کئی شوگر ملز نے غیر قانونی طریقے سے کرشنگ کی تعداد کو بڑھایا ہے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ مراد علی شاہ نے اومنی گروپ کو فائدہ پہنچانے کے لئے سبسڈی دی۔ سندھ میں سب سے بڑا شیئر اومنی گروپ کا تھا۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شوگر ایسوسی ایشن کے مطابق انہیں چینی 55روپے فی کلو پڑتی ہے، مارکیٹ میں چینی کی قیمت بڑھنے سے عوام کو براہ راست نقصان ہوتا ہے۔ 2018میں وفاق نے 15.5ارب روپے کی سبسڈی دی۔ جبکہ 4.1ارب روپے کی اضافی سبسڈی سندھ حکومت نے دی۔

شہزاد اکبر کا میڈیا کو دی گئی اہم بریفنگ میں کہنا تھا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ پہلے کسی حکومت کی ہمت نہیں ہوئی کہ اس طرح کے تحقیقاتی کمیشن بنائے۔یہ ایک ایسا کاروبار ہے جو آپ کے اور میرے پیسوں سے چل رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی جو کہ پبلک کر دی گئی ہے، اسے جلد پی آئی ڈی کی ویب سائٹ پر ڈال دیا جائے گا۔ اس رپورٹ سے نظر آتا ہے کہ کاروباری طبقے نے نظام کو مفلوج کرکے بوجھ عوام پر ڈالا۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں تمام چیزوں کا احاطہ کرتے ہوئے حیران کن انکشاف کیے گئے ہیں، اس میں لکھا ہے کس طرح گنا بیچنے والوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ کسان کو کچی پرچی پر ادائیگی بھی کی جاتی ہیں جبکہ تمام ملیں پندرہ فیصد سے لے کر 30 فیصد وزن کم تولتی ہیں۔

Related Posts