پاکستان میں باضابطہ طور پر ریلیز نہیں ہونے والی بھارتی فلم ’پٹھان‘ کو کراچی میں غیر قانونی طور پر دکھایا جارہا ہے۔
جیسے کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ فروری 2019 سے سرحد کشیدگی کی وجہ سے پاکستان میں بالی ووڈ فلموں کی نمائش پر پابندی عائد ہے، اس پابندی کے بعد سے کوئی بھی بھارتی فلم پاکستان میں باضابطہ طور پرریلیز نہیں کی گئی۔
تاہم، ڈان اخبار کے مطابق ایک نامعلوم گروپ بھارتی فلم پٹھان کے ٹکٹوں کو کراچی میں فروخت کررہا ہے، ایک ٹکٹ کی قیمت 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔
فلم کی اسکریننگ کا اہتمام کرنے والی کمپنی کا نام ’فائر ورک ایونٹس‘ ہے، لیکن سوشل میڈیا پر یہ نام تلاش کرنے پر برطانوی کمپنی ملی جس نے برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس کی تاجپوشی کے موقع پر آتش بازی کے پروگرام میں اشتراک کا دعویٰ کر رکھا ہے۔
گریمی ایوارڈ 2023 کی تقریب میں کونسے فنکار پرفارم کرینگے؟
برطانوی کمپنی کے فیس بُک پیج کی جانب سے 25 جنوری کے لیے تمام ٹکٹ فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا، دوستوں کی فرمائش پر انہوں نے 26 جنوری کو 4.30 سے 7.30 بجے تک اور 8 بجے سے 11 بجے تک پٹھان فلم کی نمائش کے لیے دو اضافی پروگرامز منعقد کروانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
جب اخبار کی نمائندہ نے فلم کی نمائش کا مقام جاننے کیلئے فیس بک پیج پر دیے گئے نمبر پر کال کی تو جواب میں کہا گیا کہ فلم کی نمائش دو مختلف مقامات پر ہوگی، جن میں پہلا مقام خیابانِ شہباز کمرشل ایریا اور دوسرے مقام کے حوالے سے انہیں خود معلوم نہیں تھا۔
فلم کے پرنٹ کے حوالے سے سوال پوچھنے پر جواب دیا گیا کہ فلم کی نمائش ایچ ڈی تو نہیں ہے لیکن بہت اچھی اور صاف ہے اور جس اسکرین پر فلم کی نمائش کی جائے گی اس کا سائز 8 فٹ بائی 10 فٹ بتایا گیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فلم پراجیکٹر اسکرین پر دکھائی جائے گی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اب اس فیس بک پیج کا لنک مل نہیں رہا ہے۔