گھر میں تیار کیا گیا سوڈا واٹر عوام میں مقبولیت حاصل کرنے لگا، مقامی دکاندار کا مزیدار سوڈا واٹر پینے کیلئے جڑواں شہروں کے باسی اور دور دراز سے شہری راولپنڈی آنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے اصغرمال چوک پر مقامی سوڈا واٹر فروش بہت مشہور و معروف ہے۔مزیدار سوڈا واٹر پینے کیلئے جڑواں شہروں کے باسی اور دور دراز کے شہری اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ یہاں آکر سوڈا واٹر پینے لگے۔
بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین سبھی سوڈا واٹر کے دیوانے ہیں۔سوڈا واٹر فروخت کرنے والے چھوٹے پپو نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ہمارا جدی پشتی کام ہے۔پہلے میرے دادا اور والد بھی سوڈا واٹر ہی فروخت کیا کرتے تھے۔
گفتگو کے دوران چھوٹے پپو نے بتایا کہ ہم تمام اجزاء خود گھر پر تیار کرتے ہیں۔کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہیں، شہر میں بہت سارے لوگ سوڈا واٹر فروخت کرتے ہیں لیکن ہمارے پاس رش بہت زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ہم گھر پر تیار کی گئی خالص چیز پیش کرتے ہیں۔
سوڈا واٹر کے کاروبار پر روشنی ڈالتے ہوئے چھوٹے پپو نے کہا کہ لوگ دور دراز سے ہمارے پاس سوڈا واٹر پینے آتے ہیں۔میں نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی ہے۔میں بہت خوش ہوں کہ اپنا کاروبار کر رہا ہوں۔
مقامی سوڈا واٹر پینے والوں کا کہنا ہے کہ یہاں بہت زیادہ رش ہوتا ہے۔پہلے پیسے جمع کراکر ٹوکن لینا پڑتا ہے پھر لائن میں لگ کر سوڈا واٹر ملتا ہے، اس کا مزہ بہت زبردست ہے اسی لیے ہم لوگ دوسرے شہروں سے یہاں آجاتے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ سوڈا واٹر سے فوری طور پر کھانا ہضم ہو جاتا ہے اور گرمی کا توڑ بھی ہے۔پیسے بھی مناسب لیے جاتے ہیں۔ سوڈا واٹر خالص ہوتا ہے اس لئے ہم یہاں آتے ہیں ورنہ شہر میں جگہ جگہ سوڈا واٹر بیچنے والے موجود ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ راولپنڈی کا یہ سوڈا واٹر فروش ڈسپوزیبل گلاسز میں سوڈا واٹر پیش کرتا ہے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔مقامی سوڈا واٹر کا کاروبار رات 8 بجے سے لے کر صبح 4 بجے تک جاری رہتا ہے اور لوگ جی بھر کر سوڈا واٹر پیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان نے پاک فضائیہ کے فائٹر جیٹ ماڈلز بنانے میں مہارت حاصل کر لی