پاکستانی نژاد معروف برطانوی گلوکار زین ملک نے اپنے نئے البم نو باڈی از لسننگ سے حال ہی میں پردہ اٹھایا ہے جس میں انہوں نے ماضی کے معروف گلوکار اور صداکار محمد رفیع کے گانے کے کچھ بول استعمال کیے ہیں۔
پانچ سال قبل ون ڈائریکشن کی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد زین ملک اپنا انگریزی البم سامنے لائے ہیں جس میں انہوں نے ایک گانا ٹائٹ روپ شامل کیا ہے جس میں انہوں نے ماضی کے گلوکار محمد رفیع کو خراج عقیدت پیش کیا۔
زین ملک نے اپنے گانے میں محمد رفیع کے 60ء کی دہائی کے مقبول ترین نغمے چودھویں کا چاند ہو کے بول اور موسیقی کو اپنے گانے میں شامل کیا ہے ۔ ان کے گیت ٹائٹ روپ نے دنیا بھر میں اُردو سمجھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا ہے ۔
نئے البم میں اردو گانا شامل کر کے زین ملک نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے پاکستانی پس منظر کو بھولے نہیں ہیں ۔ انگریزی گانے میں اردو کی چاشنی نے زین ملک کے پرستاروں کو خوشگوار پیغام دیا ہے ۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ زین ملک نے اپنے گانے میں ایشیائی دھن کو شامل کیا ہے ۔ اس سے قبل بھی وہ اپنے گانوں میں اردو بول شامل کرتے رہے ہیں ۔ اردو سے متاثر ہوکر زین ملک نے ایک اردو فیشن لائن مائنڈ از مائن متعارف کرائی ہے جس میں انہوں ملبوسات پر اردو زبان تحریر کی ہے ۔
اردو کے حوالے سے گلوکار زین ملک کا کہنا ہے کہ چونکہ میری فیملی کا تعلق پاکستان سے ہے اس لئے اردو کی میری نظر میں ایک خاص اہمیت ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا فیصلہ، چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری عہدے سے برطرف