وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کر رہے ہیں اور ان کو سمجھا رہے ہیں جبکہ امید ہے دھرنا یا آزادی مارچ نہیں ہوگا۔
ننکانہ صاحب میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، نہ اس میں دھرنے کی کوئی گنجائش باقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جمعیت علمائے اسلام نے آزادی مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ وکٹ کے دونوں طرف جیسے پہلے کھیل رہے تھے، اب بھی کھیل رہے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ میڈیا کو 23 یا 25 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان کے دھرنے اور تحریک کے بارے میں حتمی طور پر آگاہ کروں گا جبکہ ہماری خواہش ہے کہ وزیر اعظم ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں۔
کشمیر کے حوالے سے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے کشمیر زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی حمایت ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، یہ اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا جبکہ انہوں نے پہلے بھی اپوزیشن کو غیر اہم معاملات میں گھسیٹ کر مروایا، اب بھی مروائیں گے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے 6 لوگوں کی گرفتاری کی پیش گوئی کی تھی جن میں سے 4 اب تک گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ ایک بندہ جو جلد ہی پکڑا جائے گا وہ مولانا فضل الرحمان کے لیے کام کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی اپوزیشن کو مروایا، اب بھی مروائیں گے۔شیخ رشید احمد