اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف (اپوزیشن لیڈر) راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت ہوئی تاہم نگراں وزیر اعظم کے حتمی نام پر اتفاق نہ ہوسکا جس کے بعد اب کل دوبارہ مشاورت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو خط لکھ کر مشاورت کے لیے بلایا تھا، دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے تین تین نام رکھے ہیں جن پر کافی دیر تک مشاورت کا عمل جاری رہا۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے جبکہ دیگر ناموں میں صادق سنجرانی، حفیظ شیخ، میاں محمد سومرو، فواد حسن فواد شامل ہیں۔
تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپر د ہوجائے گا، ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کے لیے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے،اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔
مزید پڑھیں:پی ڈی ایم حکومت اختتام پذیر، تحریکِ انصاف کا آج یومِ تشکر منانے کا اعلان
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں، انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے۔