کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں تمام مجالس اور جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائیگی جبکہ محرم الحرام کے حوالے سے کوئی مخصوص دھمکی (تھریٹ) نہیں ہے۔
پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ اہم ہے، ان 10 روز میں ایک ہزار 49 جلوس نکالے جائینگے جس میں 87 جلوس انتہائی حساس ہیں۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ 7 سے 10 محرم تک بڑے جلوس نکالے جائیں گے، عاشورہ کی سیکیورٹی پر 6 ہزار 392 پولیس افسران و اہلکار ہونگے جبکہ اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اضافی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 روز میں 50 ہزار سے زائد مجالس برپا ہونگی جس میں 665 مجالس انتہائی حساس ہیں۔
مزید پڑھیں:حکومت کا 9 اور 10 محرم کو سرکاری تعطیل کا اعلان
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ پولیس تمام مجالس اور جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کریگی جس کے لیے سیکیورٹی پلان، مانیٹرنگ اور کنٹرول روم تیار کرلیا گیا ہے۔