لاس اینجلس: مارول سپر ہیرو فلم میں بلیک وڈو کا کردار ادا کرنے والی فنکارہ نے مقدمہ دائر کردیا، فلمساز کمپنی ڈزنی کا کہنا ہے کہ اسکارلٹ جوہانسن کے ہم پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور مقدمہ ناقابلِ سماعت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن نے ڈزنی پر مقدمہ کردیا جس کے متن میں کہا گیا ہےکہ فلم بلیک وڈو کو تھیٹرز کے ساتھ ساتھ ایک ہی وقت میں اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر بھی پیش کردیا گیا ہے جو میرے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب فلمساز کمپنی کا کہناہے کہ ہمارے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ ہم نے بلیک وڈو کا کردار نبھانے والی فنکارہ اسکارلٹ جوہانسن کے ساتھ معاہدے کی شرائط پر عمل کیا ہے۔ تاحال اداکارہ کو 2 کروڑ ڈالر کی آمدن ہوئی ہے جس میں اضافہ ہوگا۔
معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق ڈزنی کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا کہ ہمارے پلیٹ فارم پر فلم پیش کرنے سے اداکارہ کے معاوضے میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جبکہ اسکارلٹ جوہانسن نے لاس اینجلس کی سپرئیر کورٹ میں ڈزنی کے خلاف مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔
بلیک وڈو نامی فلم میں مرکزی کردار نبھانے والی فنکارہ کا اپنے مقدمے کے متن میں کہنا ہے کہ ڈزنی سے کیے گئے معاہدے کے تحت میرا یقین یہ تھا کہ فلم صرف باکس آفس یا سینما گھروں میں چلے گی لیکن ایسا نہیں ہوا جس سے میرے معاوضے میں کمی آئی۔
قبل ازیں 9 جولائی کے روز اسکارلٹ جوہانسن کی فلم بلیک وڈو تھیٹرز میں ریلیز ہوئی جبکہ فلمساز کمپنی کی اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس پر فلم دکھانے کا معاوضہ 30ڈالر رکھا گیا۔ کورونا کے باعث تھیٹرز بند رہنے کے دوران ڈزنی نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
ڈزنی کا مقصد تھیٹرز کے ناظرین و سامعین کو اپنے اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی طرف کھینچنا تھا جس سے ڈزنی کے شیئرز کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ میڈیا کمپنیز اپنے پلیٹ فارمز بنا رہی ہیں جس سے فلمی شعبہ متاثر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: فحش ویڈیوز کیس، تم نے خاندان کی عزت مٹی میں ملا دی۔شلپا شیٹھی