بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کے ہاں 2 جڑواں بچوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کک، ریس 3 اور سلطان سمیت درجنوں بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سلمان خان نے حال ہی میں شہزادہ حمدان کو مبارکباد دیتے ہوئے زندگی کے میدان میں پہلا قدم رکھنے والے دونوں بچوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بھارتی اداکار سلمان خان نے شیخ حمدان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس میں ولی عہد کو بچوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور کہا کہ میری دعا ہے کہ بچوں کو تمام محبت، صحت، خوشی اور عزت و احترام ملے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان خان کو بھائی کے نام سے پکارنے والے ان کے مداحوں کو آج بھی ان کی شادی کی فکر کھائے جارہی ہے، ایک شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان کا ایک مداح جذباتی بھی ہوگیا۔
جذباتی مداح کے تاثرات پر 55 سالہ سلمان خان کا کہنا تھا کہ میری شادی کے مسئلے پر جذباتی مجھے ہونا چاہئے۔ جب مجھے کوئی فکر نہیں ہے تو آپ کو کیوں ہے؟ تاہم شیخ حمدان کیلئے تہنیتی پیغام پر بھی مداحوں نے سلمان خان کو شادی کی طرف توجہ دلانا ضروری سمجھ لیا۔
ایک مداح نے سلمان خان کو شیخ حمدان کے جڑواں بچوں کی پیدائش پر مبارکباد کا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھائی، تمہارے کب ہوں گے؟ تاہم اس پر سلمان خان نے ردِ عمل دینا ضروری نہیں سمجھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل یہ اعلان سامنے آیا کہ بالی ووڈ کی مقبول ترین فلمی جوڑی سلمان خان اور قطرینہ کیف کی ٹائیگر سیریز کی تیسری فلم میں عمران ہاشمی آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے جو ولن ہوگا۔
عمران ہاشمی دُنیا کی نمبر 1 انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کا ایجنٹ بن کر سلمان خان اور قطرینہ کے ہمراہ ٹائیگر 3 میں کام کریں گے۔ ٹائیگر سیریز کی پہلی دو فلمیں ایک تھا ٹائیگر اور ٹائیگر زندہ ہے پہلے ہی ہٹ ہوچکی ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹائیگر 3 میں عمران ہاشمی آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے