لاہور: سیشن عدالت نے ہفتے کو اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی ایک مسجد میں میوزک ویڈیو کی شوٹنگ سے متعلق کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔
عدالت نے دونوں کی جانب سے ان کے خلاف درج مقدمے کے لئے عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت کی تھی۔ عدالت نے فی کس 25 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے کروانے کی ہدایت کی اور مزید کارروائی 25 اگست تک ملتوی کردی۔
اس سے قبل جمعہ کے روز صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف وزیر خان مسجد میں گانے کی شوٹنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،اکبری گیٹ پولیس نے وکیل فرحت منظور کی شکایت پر مقدمہ درج کیا۔
کیس میں مسجد انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی بھی اپیل کی گئی ہے،درخواست گزار فرحت منظور نے رواں ماہ کے آغازمیں فنکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے ایک درخواست دائر کی تھی۔
تاریخی مسجد میں بلال سعید کے ساتھ صباء قمر کا ایک مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں مذہبی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
مزید پڑھیں :تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، ایسرا بلجیک