کراچی کے علاقے جیل چورنگی کے قریب رکشے میں آگ بھڑک اٹھی، آتشزدگی کے نتیجے میں رکشہ جل کر تباہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جیل چورنگی کے قریب کھڑے رکشے نے نامعلوم وجوہات کے باعث اچانک آگ پکڑ لی، آگ نے پورے رکشے کو لپیٹ میں لے لیا۔ شہری مٹی پھینک پھینک کر رکشے کی آگ اپنی مدد آپ کے تحت بجھاتے رہے۔
آتشزدگی کے نتیجے میں رکشہ جل کر تباہ ہوگیا۔ خوش قسمتی سے آگ لگنے کے وقت کوئی مسافر یا ڈرائیور رکشے میں موجود نہیں تھا۔ حادثے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل لاہور میں واقع گرلز ہاسٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں کمرے میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے 2 خواتین جاں بحق ہو گئی تھیں۔
آگ لگنے کا یہ واقعہ رائیونڈ روڈ پر نیو لاہور پارک کے علاقے میں واقع گرلز ہاسٹل میں گزشتہ ماہ پیش آیا، عمارت کی دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پایا تاہم دھویں سے عمارت میں پھنسی 3 خواتین کی حالت غیر ہو گئی۔
مزید پڑھیں: لاہور کے گرلز ہاسٹل میں آگ لگنے سے دو خواتین جاں بحق
قبل ازیں کراچی میں واقع پیپلز پارٹی کے صدر دفتر بلاول ہاؤس میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی، ریسکیو حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 4گاڑیاں آگ بجھانے کیلئے پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کا 11 جون کے روز لگنے والی آگ کے متعلق کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔جسے بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: بلاول ہاؤس میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ آگ بجھانے میں مصروف