کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں تالاب بن گئی ہیں جبکہ کے ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈز کا عملہ جمع ہوجانے والا پانی نکالنے میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ دیر تک جاگنے والے بے شمار شہریوں نے موسم کا کھل کر لطف اٹھایا۔
رات گئے ہونے والی بوندا باندی اور تیز بارش کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھر گئیں جبکہ کے ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈز کا عملہ بارش سے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے۔ کئی علاقوں میں رات سے غائب بجلی بحال کردی گئی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کرکے رکھ دیا۔
یومِ دفاع کے موقعے پر شدید گرمی کے بعد کراچی اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ ہلکی پھلکی بارش کے باعث متعدد چھوٹے موٹے حادثات بھی ہوئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
کے الیکٹرک نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی بند کردی۔ محکمۂ موسمیات کا 7 ستمبر کوکہنا تھا کہ کراچی اور ٹھٹھہ کے مابین ہوا کے کم دباؤ اور سمندری نمی نے بادلوں کی صورت اختیار کر لی۔
مزید پڑھیں: کراچی میں وقفے وقفے سے بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب ہوگئی