کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی ہو رہی ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کی شدید گرمی کے بعد کراچی اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلکی پھلکی بارش کے باعث متعدد چھوٹے موٹے حادثات بھی ہوئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
کے الیکٹرک نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی بند کردی۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور ٹھٹھہ کے مابین ہوا کے کم دباؤ اور سمندری نمی نے بادلوں کی صورت اختیار کر لی۔
محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرلوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ بھارت میں بارش کے سسٹم کے اثرات سندھ پر پڑگئے ہیں۔ ایک سے 2 روز میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ ہلکی پھلکی بوندا باندی اور بارش جاری رہ سکتی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ہماری ٹیمیں متحرک ہیں، کنڈوں سے بجلی کے حصول کے باعث جان لیوا حادثات ہوسکتے ہیں۔ زیادہ غیر قانونی کنکشنز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہوسکتی ہے۔ شہری برقی آلات استعمال کرتے ہوئے احتیاط کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھی نہ پڑھانے والے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنیکا فیصلہ