کراچی: سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی سندھ کے صر نثار کھوڑو کو پی ایس 88 ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران ملیر کے عوام نے کھری کھری سنا دیں۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ پی ایس 88 کے ووٹرز نے نثار کھوڑو پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔ نثار کھوڑو عوام کو کوئی جواب دئیے بغیر جانے پر مجبور ہو گئے جس کے بعد مذکورہ واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی۔
مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نثار کھوڑا پی ایس 88 ضمنی انتخاب کیلئے ایک شخص کو پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کی درخواست کرتے ہیں جس کے جواب میں مذکورہ شخص کہتا ہے کہ ہم باشعور ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ ووٹ کس کو دینا چاہئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ مذکورہ شخص کہتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیں 12 سالوں میں کیا دیا؟ ہمیں پانی، سیوریج، ملازمتیں، سڑکیں، تعلیمی ادارے اور کالجز چاہئیں۔ آپ ہمیں 12 سال سے بے وقوف بنا رہے ہیں۔ ہم ووٹ نہیں دیں گے۔
ابھی وہ شخص مزید بولنا چاہتا ہے تاہم نثار کھوڑو تیزی سے چلتے ہوئے اپنی گاڑی کی طرف پہنچ جاتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نثار کھوڑو کے جانے پر عوام شدید نعرے بازی کرتے ہیں۔ نثار کھوڑو کہتے ہیں میں جارہا ہوں، اب تو خاموش ہوجاؤ۔
نثار کھوڑو کی درخواست پر بھی لوگ خاموش نہیں ہوتے۔عوام کا کہنا ہے کہ ملیر میں نہ پانی ہے، نہ سڑکیں اور نہ اسکول یا کالج ہیں۔ عوام نثار کھوڑو کو شدید نعرے بازی کرکے بھاگنے پر مجبور کردیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کو بنی گالا سے چلانے کی کوشش ہو رہی ہے، نثار کھوڑو