اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کردئیے جس سے وفاقی کابینہ ٹوٹ گئی اور قومی اسمبلی تحلیل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کا کم و بیش ڈیڑھ سال پر محیط دورِ حکومت وزیر اعظم کی جانب سے سمری صدرِ مملکت کو بھیجنے اور پھر صدر کے دستخط کے ساتھ ہی ختم ہوگیا۔ صدر نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے۔
وزیراعظم نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے
آئینی اعتبار سے صدرِ مملکت دستخط نہ کریں تو قومی اسمبلی از خود 48 گھنٹوں میں تحلیل ہوجاتی ہے۔ قومی اسمبلی تحلیل ہوجانے کے بعد شہباز شریف نگراں وزیر اعظم کی تعیناتی تک بدستور وزیر اعظم کے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔
موجودہ سیٹ اپ کو نگراں وزیر اعظم کا نام تحلیل کرنے کیلئے 3 روز کا وقت دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض آئندہ 3 روز میں نگراں وزیر اعظم کیلئے نام فائنل کرلیں گے۔
اگر آئندہ 3 روز میں نام فائنل نہ ہوسکا تو نگراں وزیر اعظم کی تعیناتی کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی اور پارلیمانی کمیٹی سے بھی فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں یہ معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سپرد کردیا جائے گا۔