پولیس نے پاکستانی نژاد کینیڈین شہری امین علوی کے کراچی میں قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قتل کا یہ افسوسناک واقعہ شہرِ قائد میں عید الاضحیٰ سے چند روز قبل پیش آیا۔ پولیس نے ڈکیتی اور قتل میں ملوث افراد گرفتار کیے۔ دونوں ملزمان نے قتل کا اعتراف کر لیا۔
ایف آئی اے نے 3 مزید انسانی اسمگلرز گرفتار کر لیے
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ظہیر اور خلیل نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔ مقتول امین علوی شاپنگ کیلئے بچوں کو ساتھ لے کر نکلے اور کرنسی کی تبدیلی کیلئے منی چینجر کے پاس پہنچے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مقتول کے منی چینجر کے پاس پہنچتے ہی ان کی ریکی شروع کردی۔ جب امین علوی نے یو ٹرن سے گاڑی موڑی تو ملزمان نے تعاقب شروع کردیا۔
جب مقتول امین علوی شاپنگ کیلئے گئے تو ملزمان بھی رک گئے اور جب وہ واپس آئے تو ملزمان نے لوٹ مار کیلئے ان کو اسلحہ دکھاتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے باعث امین علوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے تھے۔ ملزمان ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے واقعے کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔