کولمبو: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپکسے سے ملاقات کی ہے جس میں پاک سری لنکا باہمی تعلقات اور خطے کے امن و امان سمیت دیگر مسائل پر گفت و شنید ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سری لنکن صدر سے ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی۔ آج وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سری لنکا کا دوسرا روز ہے جس کے دوران صدر گوٹابایا راجاپکسے سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیاسی و معاشی تعلقات اور تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں سری لنکن صدر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ملاقات کا احوال سوشل میڈیا صارفین سے شیئر کیا۔
صدرِ مملکت گوٹابایا راجاپکسے نے کہا کہ میری آج وزیرِ اعظم عمران خان سے سری لنکن ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
Bilateral discussions with Prime Minister @ImranKhanPTI began at President’s Office a short while ago.#srilanka #Pakistan #LKA pic.twitter.com/JT3CWHPeDd
— Gotabaya Rajapaksa (@GotabayaR) February 24, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم کے دورۂ سری لنکا پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا میں عالمی فورمز پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے جبکہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے دفاع اور سیکیورٹی تعاون یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔
سری لنکن دارالحکومت میں میڈیا نمائندگان سے دورۂ سری لنکا پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا میں عالمی فورمز پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔شاہ محمود قریشی