اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی پیغام پہنچایا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقاتوں کے اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی بات کی گئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فارما سوٹیکل قابل تجدید توانائی میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں اور توقع ہے صحت، سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزیوں اوربھارت میں متنازع شہریت کے قانون سے بھی آگاہ کیاجس کے تحت بھارتی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو منظم انداز میں نشانہ بنا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مودی ہندوستان میں وہ کر رہا ہے جو جرمنی میں ہٹلر نے کیا تھا، وزیر اعظم عمران خان