اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پیر کو چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم سے چینی کمپنیوں کے سربراہوں کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں چینی سفیر نونگ رونگ شامل بھی تھے، جبکہ وفاقی وزراء حماد اظہر ، شوکت ترین ، اسد عمر ، اور عبدالرزاق داؤد بھی ملاقات میں موجود تھے۔
اس موقع پر چینی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے چینی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر ملاقاتوں کی سربراہی کریں گے تاکہ مسائل کو حل کیا جا سکے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی پر تندہی سے عمل پیرا ہے ، سرمایہ کاروں کیلئے مراعات فراہم کی جارہی ہیں ، انتظامی کارروائیوں کو سہل بنایا جا رہا ہے ، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وہ ہر مہینے خود جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے چین سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ چینی سرمایہ کاری پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گی اور افرادی قوت کو نئی مہارتیں سیکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور چینی کمپنیاں ان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے مزیدکہا کہ زراعت، ماہی گیری، سبزی اور پھل، زیادہ پیداوار والے مال مویشی، آئی ٹی و ٹیکنالوجی اور چھوٹی صنعتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سمری تیار کر لی گئی