کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد ملک میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس بھی سامنے آگیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں ایک خاتون میں اومی کرون کی تصدیق ہوگئی ہے، ملک میں افریقی ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے میڈیا کوآرڈینیٹر مہر خورشید نے کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون میں اومی کرون کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ایسٹ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق 65 سالہ خاتون کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور وہ فی الحال گھر میں الگ تھلگ ہیں تاہم ان کی ٹریول ہسٹری نہیں مل سکی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے 12 لاکھ 88 ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث اب تک 28 ہزار 803 شہری جاں بحق ہوگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 350 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 10 مزید شہری جان کی بازی ہار گئے۔
کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46ہزار697 ٹیسٹ ہوئے، مجموعی ٹیسٹس 2 کروڑ23 لاکھ 85ہزار 347ہوگئے۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 0.74فیصد رہی جبکہ 771مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
مزید پڑھیں:کورونا کیسز میں کمی، سندھ میں تقریبات کیلئے پابندیاں نرم، کاروبار پر سختی برقرار