اسلام آباد: پاکستان نے انسانی ہمدردی کے مشن کے تحت افغان عوام کیلئے امدادی سامان سے لدے 13 ٹرک روانہ کردئیے ہیں جو افغانستان کے مختلف صوبوں تک جائیں گے۔
ہمسایہ ملک کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ پاکستان طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان کو امداد بھجوا رہا ہے جس میں 174 ٹن آٹا، چینی اور چاول شامل ہیں جنہیں افغان ڈپٹی وزیرِ مہاجرین نے وصول کیا۔
افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان بھائیوں کی امداد کیلئے کوشاں ہے۔ ہم نے عالمی برادری سے بھی افغان عوام کی امداد کیلئے اپیل کی ہے تاکہ ہمسایہ ملک میں ممکنہ انسانی المیے سے بچا جاسکے۔
ہفتے کے روز پاکستان نے افغان عوام کی امداد کیلئے 8 امدادی ٹرک روانہ کیے تھے جس کا اعلان پاک افغان کو آپریشن فورم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں سامنے آیا۔ امدادی سامان میں آٹا، چاول اور دالیں شامل تھیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل چینی حکومت کی جانب سے افغانستان کے لیے ہنگامی انسانی امدادی سامان کی پہلی کھیپ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی جس کا افغانستان میں استقبال کیا گیا۔
گزشتہ ماہ 30 ستمبر کے روز امدادی سامان افغانستان روانہ کیا گیا۔افغان عبوری حکومت کے مہاجرین امور کے محکمے کے قائم مقام وزیر خلیل حقانی سمیت تقریباً دس افغان حکام اس امداد کے استقبال کیلئے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں: چین کی افغانستان کو انسانی امدادی سامان کی پہلی کھیپ کابل پہنچ گئی