ولنگٹن: نیوزی لینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کے ایک اور رکن کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا جس کے بعد کورونا میں مبتلا کرکٹرز کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب تک قومی کرکٹ ٹیم کے کورونا ٹیسٹ 3 بار کیے گئے جن میں سے پہلا ٹیسٹ نیوزی لینڈ پہنچنے کے پہلے، دوسرا تیسرے جبکہ تیسرا چھٹے روز ہوا تھا جبکہ قومی کرکٹ اسکواڈ میں کل 54 ممبران شامل ہیں۔
مجموعی طور پر پاکستانی اسکواڈ کے 8 اراکین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 2 ہسٹری کے اعتبار سے دوسروں کو کورونا میں مبتلا نہ کرنے والے کیسز قرار دئیے گئے ہیں۔
جمعرات کے روز کورونا وائرس کا چوتھا ٹیسٹ کیا جائے گا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت سے حتمی منظوری حاصل کی جائے گی۔ بعد ازاں قومی کرکٹ اسکواڈ کو تربیت کی اجازت مل سکے گی، جس کا پاکستانی کرکٹ ٹیم شت سے انتظار کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹ اسکواڈ کے 42 اراکین کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج منفی نکلے جبکہ 4 اراکین کے نتائج کا انتظار جاری تھا۔
بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ کے دوران کرکٹ سیریز کھیلنے سے قبل آئسولیشن میں وقت گزار رہی ہے۔ اس دوران تیسری بار قومی اسکواڈ کے کورونا ٹیسٹ ہوئے جس کے زیادہ تر نتائج منفی نکلے۔
مزید پڑھیں: قومی اسکواڈ کے 42اراکین کے کورونا ٹیسٹ نتائج منفی نکلے