پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر کو خود بھی اپنی ریسنگ کار (فارمولا 1) سے متعلق حال ہی میں وائرل ہوجانے والی ویڈیو پر ہنسی آگئی۔ ان کا کہنا ہے کہ شوبز سے تعلق اپنی جگہ، لیکن میں بھی ایک عام انسان ہوں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر کو سوشل میڈیا پر ماضی کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوجانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور تنقید، طنز و تشنیع اور میمز کا سامنا کرنا پڑا جس پر ندا یاسر کا ردِ عمل سامنے آگیا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو کا تعلق 2016 کے مارننگ شو سے ہے جب ندا یاسر نے اپنی فارمولا 1 ریسنگ کار بنانے میں کامیابی حاصل کرنے والے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے دو طلبہ کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔
آج اس واقعے کے 5 سال بعد مارننگ شو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے آسمان سر پر اٹھا لیا اور ندا یاسر کو خوب سنائیں۔ میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ندا یاسر کا کہنا تھا کہ کلپ پر مجھے بھی ہنسی آئی کیونکہ یہ مزاحیہ ہے۔
اداکارہ ندا یاسر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ نسٹ یونیورسٹی کے طلبہ کو جس پروگرام میں دعوت دی گئی تھی، اس کے دوران میں نے غلطی کی اور آج میں اس پر ہنس رہی ہوں کیونکہ میں بھی آپ کی طرح ایک عام انسان ہوں۔
Why this lady didn't Google what Formula 1 is before the show? pic.twitter.com/5rhsFpyuWD
— Ali Qasim (@aliqasim) September 4, 2021
اداکارہ ندا یاسر نے کہا کہ کوشش کروں گی کہ ماضی میں کی گئی یہ غلطی نہ دہراؤں اور مستقبل کے پروگرامز میں مناسب تحقیق کے ساتھ سوال پوچھے جائیں۔ مجھے یہ معلوم نہیں کہ 2016 کے پروگرام کا کلپ آج کل سوشل میڈیا پر کیوں وائرل ہوا۔
سوشل میڈیا صارفین کو کہنا تھا کہ ندا یاسر نے 2016 کے مارننگ شو سے قبل فارمولا 1 ریسنگ کار کے متعلق کوئی تحقیق نہیں کی تھی جس کی وجہ سے انہیں یہ تنقید سہنی پڑی جبکہ بہت سے مداح کلپ میں کیے گئے سوالات پر آج بھی محظوظ ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ریسنگ کار پر ندا یاسر کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور تنقید