کراچی: قومی اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ ہی سندھ اسمبلی کی تحلیل کی راہ بھی ہموار ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کوخالی کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کا ذاتی سامان وزیر اعلیٰ ہاؤس سے نجی گھر منتقل کردیا گیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو ملنے والے تحائف بھی شامل ہیں جنہیں سی ایم ہاؤس سے منتقل کردیا گیا۔
صدرِ مملکت کے سمری پر دستخط، قومی اسمبلی تحلیل
گزشتہ 5سال سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں قیام پذیر مراد علی شاہ کے دورِ حکومت میں کئی اہم فیصلے سامنے آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے رہائشی حصے کا سامان نجی رہائش گاہ میں منتقل کیا گیا ہے۔ کل مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں آخری دن گزاریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کردئیے جس سے وفاقی کابینہ ٹوٹ گئی اور قومی اسمبلی تحلیل ہوگئی ہے۔
پی ڈی ایم کا کم و بیش ڈیڑھ سال پر محیط دورِ حکومت وزیر اعظم کی جانب سے سمری صدرِ مملکت کو بھیجنے اور پھر گزشتہ روز صدر کے دستخط کے ساتھ ہی ختم ہوگیا۔ صدر نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے۔