اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں قبضہ مافیا کا راج، تھانہ کورال کے علاقے میں پھر قبضہ مافیا متحرک ہوگیا ،علاقہ مکین قبضہ مافیا کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔
پاکستان تحریک انصاف یونین کونسل کورال کے صدر چوہدری اشتیاق کی زمین پر غیر قانونی غوری ٹاؤن کی انتظامیہ اور پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔
متاثرہ شخص چوہدری اشتیاق کہنا ہے کہ میری زمین پر غوری ٹاؤن کی انتظامیہ نے زبردستی قبضہ کرلیا ہے جبکہ غوری ٹاون کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی قرار دیا ہوا ہے اس کے باوجود بھی قبضہ مافیا غریب لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرتا جا رہا ہے۔
چوہدری اشتیاق کہنا ہے کہ میں نے پولیس کو درخواست دی کہ اس قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ پولیس نے الٹا مجھے ہی ساری رات حوالات میں بند رکھتے ہوئے میری ذاتی زمین پر راتوں رات کمرہ تعمیر کروا دیا اور وہاں پر مبینہ طور پر قبضہ مافیا کے گارڈز کو بٹھا دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پولیس نے اگر میری درخواست پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی نہ کی تو میں اہل علاقہ اور متاثرین غوری ٹاؤن کے ساتھ مل کر اسلام آباد پریس کلب اور تھانہ کورال کے باہر احتجاج کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ میری آبائی زمین ہے، میری زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی غوری ٹاؤن انتظامیہ نے ہماری قدیمی قبرستان مسمار کردیئے تھے۔
مزید پڑھیں : نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں قبضہ مافیا سرگرم، غیرقانونی تعمیرات عروج پر پہنچ گئیں