میگا ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے میں مرکزی کردار نبھانے والی کبریٰ خان کا ساتھی فنکارہ ماہرہ خان کے متعلق کہنا ہے کہ ہم دونوں کی شخصیات ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہیں اور ایسا صرف میں نہیں کہتی، مجھے ماہرہ کے ساتھ اداکاری سے قبل یہ بات بتا دی گئی تھی۔
مشعل کے رول میں ماہرہ خان کو ٹف ٹائم دینے والی کبریٰ خان نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران کہا کہ جب میں نے ماہرہ خان کو تھپڑ مارا تو اس پر ہم دونوں کو ہی اعتراض ہوا۔ ہم دونوں کی متفقہ رائے یہ ہے کہ تھپڑ دکھانا اہم نہیں تھا۔
ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے کی حالیہ قسط میں ہی ماہرہ کو سائیڈ ہیروئن کبریٰ خان کے ہاتھوں تھپڑ کھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ کبریٰ کا کہنا ہے کہ میں ماہرہ خان سے نفرت ظاہر کرنے کیلئے تھپڑ مارنا نہیں چاہتی تھی، اس لیے ہم نے اصلی تھپڑ کا انتخاب نہیں کیا۔
اپنی حقیقی زندگی اور اداکاری کے شعبے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کبریٰ خان نے کہا کہ ہم دونوں کی شخصیات ملتی جلتی ہیں بلکہ مجھے ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔ ہم دونوں ساتھ مل کر ایک مضبوط بندھن تخلیق کرسکتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران کبریٰ خان نے مزید کہا کہ ماہرہ خان کے ساتھ کام سے قبل مجھے بہت سے لوگوں نے بتایا کہ آپ دونوں کی شخصیات میں کافی باتیں ملتی جلتی ہیں اور جب مجھے ان کے ساتھ کام کا موقع ملا تو یہ بھی جانا کہ واقعی ہمارا طریقہ ایک جیسا ہے۔
پیشہ ورانہ محاذ پر کبریٰ خان کو ماہرہ کے ہمراہ ہم کہاں کے سچے تھے میں مشعل کے کردار میں جاندار اداکاری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس میں ماہرہ اور کبریٰ دونوں نے پہلی قسط سے ہی شائقین کی توجہ حاصل کر لی اور سوشل میڈیا ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ بنے۔
بنیادی طور پر ایک ناول کی کہانی سے ماخوذ ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے بچپن کی محبت سے متاثرہ مرکزی خیال پر مبنی ہے جس کے مرکزی کرداروں میں ماہرہ خان، کبریٰ خان اور عثمان مختار کے کرداروں کو سوشل میڈیا صارفین نے بے حد سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کو علاج کی غرض سے امریکا آج لے جائے جانے کا امکان