پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کومل عزیز خان کی امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحل پر ساتھیوں اور دوستوں کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں جن پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردِ عمل سامنے آیا۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ کومل عزیز خان نے وِل راجرز ساحل پر کھینچی گئی تصاویر شیئر کیں جو کیلیفورنیا کے شہر سانتا مونیکا میں واقع ہے۔ مختلف تصاویر میں کومل عزیز خان سرخ لباس میں دوستوں کے ہمراہ نظر آئیں۔
ڈرامہ سیریل عشقِ بے نام میں مرکزی کردار ادا کرنےوالی کومل عزیز خان کو بیسٹ سوپ ایکٹریس کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ انہیں دیگر ڈرامہ سیریلز بشمول بھروسہ پیار تیرا، بساطِ دل اور رازِ الفت میں کردار نبھانے کیلئے بھی سراہا جاتا ہے۔
ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران کومل عزیز خان نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک مڈل کلاس خاندان سے ہے اور اے لیولز تک تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے آئی بی اے کراچی میں داخلہ لے لیا تھا۔ انہوں نے امریکا سے بزنس میں انڈر گریجویشن کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی اْبھرتی ہوئی اداکارہ کومل عزیز خان کا کہنا تھا کہ مجھے پاوری ٹرینڈ پسند نہیں، تاہم میں دیکھ رہی ہوں کہ پاوری ٹرینڈ کے باعث سوشل میڈیا صارفین کے چہروں پر مسکراہٹ آ رہی ہے۔
رواں برس فروری کے دوران کومل عزیز خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس کے دوران کومل عزیز خان نے اپنے مداحوں کے دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔
مزید پڑھیں: پاوری ٹرینڈ سے مجھے کوئی دلچسپی نہیں۔ کومل عزیز خان