نیو یارک: سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز نے ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مشرقِ وسطیٰ کو بڑے پیمانے پر تباہی و بربادی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ہماری سلطنت ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی حامی ہے جبکہ عالمی برادری بھی ایران کو 2015 کے ایٹمی معاہدے کی طرف واپس لے کر جانے کی خواہش مند ہے۔
اقوامِ متحدہ سے اپنے پہلے سے ریکارڈ کیے گئے ویڈیو خطاب کے دوران شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ہم عالمی برادری کی ان کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں جو ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے دور رکھ سکیں جبکہ سالہا سال تک ایران اور سعودی عرب ایک دوسرے کے مخالف رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں ایران اور سسعودی عرب پراکسی جنگوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف پسِ پردہ حصہ لیتے رہے ہیں جو یمن، شام اور دیگر ممالک میں لڑی گئیں۔ سن 2016 میں دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات بھی منقطع ہو گئے تاہم رواں برس بات چیت کے آغاز سے کشیدگی کم ہوئی۔
ویڈیو خطاب کے دوران سعودی فرماں روا نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ابتدائی مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے مابین اعتماد کی فضا قائم ہوجائے گی اور ہم ایک دوسرے کے اقتدارِ اعلیٰ اور اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے معاہدے پر قائم رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا 91واں قومی دن، عمران خان کی خادمِ حرمین شریفین کو مبارکباد